ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے پہلے 'ڈائری آف اے ہوم منسٹر' کتاب نے انل دیشمکھ کی جانب سے فڑنویس کو مشکلات میں ڈال دیا

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے پہلے 'ڈائری آف اے ہوم منسٹر' کتاب نے انل دیشمکھ کی جانب سے فڑنویس کو مشکلات میں ڈال دیا

Tue, 29 Oct 2024 17:38:50  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 29/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ اور این سی پی-ایس پی لیڈر انل دیشمکھ کی نئی کتاب نے ریاست میں ہلچل مچادی ہے۔ حال ہی میں جاری ہونے والی کتاب 'ڈائری آف اے ہوم منسٹر- سرکاری سازش ناکام کرنے والے وزیر داخلہ کی خود نوشت' نے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس کتاب میں ان پر متعدد سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، اور ان کی بعض مبینہ سازشوں کے بارے میں بھی انکشافات کیے گئے ہیں، جو فڑنویس کی ساکھ پر سوالات اٹھانے کا باعث بن رہی ہیں۔

’ڈائری آف اے ہوم منسٹر‘ کے بیشتر باب مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے دوران بدعنوانی کے الزامات میں ہوئی انل دیشمکھ کی گرفتاری سے متعلق ہیں۔ اس کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جب وہ جیل میں تھے تو ان پر دباؤ بنایا گیا تھا کہ وہ ایسا بیان درج کرائیں جس سے سرکردہ لیڈران پھنس سکیں۔ دیشمکھ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انھیں جیل میں ایک آفر ملا تھا، جسے اگر وہ قبول کرتے تو ان کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی کی کارروائی ختم کر دی جاتی۔ دیشمکھ نے کتاب میں لکھا ہے کہ انھیں 4 پوائنٹس کا لفافہ ملا تھا، جس میں ایک حلف نامہ داخل کرنے کو کہا گیا تھا۔ اس میں اجیت پوار، ان کے بیٹے پارتھ کو گٹکا بنانے والوں سے پیسہ اکٹھا کرنے کے لیے پھنسانے کو کہا گیا تھا۔

اس کتاب میں دِشا سالیان کی موت کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے اور انل دیشمکھ کا دعویٰ ہے کہ دِشا کی موت میں ادھو کے بیٹے آدتیہ کو پھنسانے کے لیے کہا گیا۔ سابق وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ فڑنویس نے سانگلی سے سمت کدم کو بھیجا تھا اور یہ سارے آفر کیے گئے تھے۔

اب یہ کتاب کچھ خاص طبقات تک پہنچانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ خاص طور سے میڈیا سے منسلک لوگوں تک۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ کوشش سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ پر لگے بدعنوانی کے سنگین الزامات کی صفائی دینے کے دوران ہو رہی ہے۔ کتاب میں ایک مراٹھی ٹی وی چینل میں 18 مارچ 2021 کو اُس وقت کے وزیر داخلہ کی شکل میں لیے گئے انل دیشمکھ کے انٹرویو سے لے کر مکیش امبانی کے گھر انٹیلیا کے باہر کھڑی پائی گئی دھماکہ خیز مادہ سے لدی اسکارپیو، اُس وقت کے ممبئی پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کے ذریعہ دیشمکھ پر لگائے گئے سنگین الزامات، انہی واقعات سے جڑا منسکھ قتل واقعہ، پولیس افسران کے مجرمانہ ریکارڈ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ ان پر لگائے الزامات اور چاندیوال کمیشن سے دیشمکھ کو ملی کلین چٹ جیسے معاملوں کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ خود نوشت کے ان سبھی ابواب میں انل دیشمکھ یہی ثابت کرتے نظر آتے ہیں کہ کسی سازش کے تحت ان پر جھوٹے الزامات لگا کر انھیں پھنسانے کی کوشش کی گئی۔


Share: